اسلام گڑھ(نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی برطانیہ کے زیر اہتمام پیپلز سیکرٹریٹ میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 64ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کا اہتمام سابق مشیر حکومت خواجہ کلیم الرحمن نے کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری اسلم انیس نے حاصل نے۔تقریب میں عالم نپوار ایڈووکیٹ،چوہدری نجم الحسن،وحید بٹ،خواجہ صالح کلیم،رانا سلطان احمد،محمد اسلم انیس،عابد بٹ ودیگر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق مشیر حکومت خواجہ کلیم الرحمن نے کہا کہ بی بی کی پیدائش کا دن اس ملک میں آمریت کی رخصت کا دن بھی ہے۔شہید رانی نے وہ کر دیکھایا جس کی مثال ساری اسلامی دنیا میں نہیں ملتی ۔ہم بی بی کی پیدائش کے دن ہم سب انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم بی بی شہید کے جمہوری اصولوں کی ہمیشہ پاسداری کریں گے۔ہماری سیاسی تاریخ ہے کہ جب کبھی جمہوریت کو پامال کیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے بے مثل قربانیوں سے جمہوریت کو بخال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالم نپوار ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم اپنی شہید قائد بینظیر بھٹو کی سالگرہ مناتے رہیں گے کیونکہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔رانا سلطان احمد نے کہا کہ شہید بی بی رانی کے مشن کو آگے لیکر چلتے رہیں گے اور ان کے ویژن کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کے لئے بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔چوہدری نجم الحسن نے کہا کہ ہم اپنے نوجوان پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی پرچم اٹھا کر آگے لیکر جائیں گے اور 2018کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔خواجہ صالح کلیم نے کہا کہ نوجوان چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کی خوشخالی اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔آخر میں محترمہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور خصوصی دعا کی گئی۔