کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تربت یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری میں ایم فل،ایم ایس پروگرام شروع کرنے کے لئے این اوسی جاری کردیا،جس کے بعد تربت یونیورسٹی شعبہ کیمسٹری میں جاری بی ایس چار سالہ پروگرام اورایم ایس سی دوسالہ پروگرام کے علاوہ اب ایم فل اور ایم ایس پروگرام بھی شروع کرسکے گاجس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اب انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر کے بعد شعبہ کیمسٹری میں بھی ایم فل کی کلاسز شروع ہوں گی،تربت یونیورسٹی کی اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ کے ڈین ڈاکٹرحنیف الرحمٰن اورکیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹرگل حسن اور پوری ٹیم کی کوششوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تربت یونیورسٹی میں کیو ای سی کے قیام کے بعد یونیورسٹی میں ہائرسٹڈیز کا معیار مزید بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ تربت یونیورسٹی کی ترقی کاسفر مزید تیز ہوگیاہےجس کے لئے فیکلٹی ممبران،یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبامبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامی نظم و نسق او میرٹ پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی وجہ سے چار سال کے مختصر عرصے میں تربت یونیورسٹی نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس کا شمار ملک کی ناموریونیورسٹیوں میں ہونے لگاہے جس کا کریڈٹ فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کےساتھ حکومت، ہائرایجوکیشن کمیشن ، چانسلرآفس اور علاقے کے لوگوں کے سر جاتاہے جنہوں نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ہرممکن تعاون جاری رکھاہواہے،انہوں نے کہا کہ عہد حاضر کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر تدریسی شعبہ جات میں بھی ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔