بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف دورہِ لندن ملتوی کرکے آج بہاولپور اور احمدپورشرقیہ پہنچیں گے، وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ احمد پور شرقیہ میں انسانی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر دورہ برطانیہ مختصر کردیا ہے، وہ آج شام اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف وطن پہنچتے ہی بہاولپور تحصیل احمد پور شرقیہ جائیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت اور جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کے ساتھ بھی جاکر تعزیت کرینگے ۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں عبدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر حادثہ بہت افسوسناک ہےاور یہ حادثہ اتنی زیادہ اموات والا اپنی نوعیت کا بڑا حادثہ ہے۔