سکھر+میر پور خاص (بیورو رپورٹ/نامہ نگار ) سیپکو انتظامیہ کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی نہ کی جاسکی۔ گنجان آبادی والے علاقوں میں خراب ٹرانسفارمرز بھی درست نہیں ہوسکے، شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ پرانا سکھر و دیگر علاقوں میں پورا رمضان سیپکو انتظامیہ نے سحر و افطار او رتراویح کے اوقات میں بھی بجلی بند رکھی اور خود ساختہ فنی خرابی کے نام پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا، متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں پر ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے باعث کئی ہفتوں سے بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ جس کے باعث ان علاقوں میں رہنے والے لوگ اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ سیپکو انتظامیہ نے ظلم کی انتہا کردی ہے، کئی ہفتے گزر گئے مگر ہمارے علاقے کا ٹرانسفارمر درست نہیں کرایا گیا۔ میرپورخاص سے نامہ نگار کے مطابق اتوار کی صبح پونے بارہ بجے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی شیڈول کے مطابق معطل ہوگئی اور ایک گھنٹے کے بعد چند منٹ بحال ہونے کے بعد دوبارہ معطل ہوگئی جس سے میرپورخاص سمیت گرد ونواح میں کاروبار زندگی مکمل طور درہم برہم ہو کر رہ گیا،مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی شام چار بجے تک بحال نہیں ہوسکی ۔