لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عیدالفطر کے موقع پر اسلامیان پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان مبارک ساعتوں میں اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے اورعالم اسلام کو اتحاد، امن کی دولت سے مالا مال کرے۔ انہوں نے شہر اعتکاف میں عید کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد ہزاروں معتکفین کو بھی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دے اور گمراہ عناصر کو اس دلدل سے نکلنے کی توفیق دے۔ پاکستان کو کرپشن،غربت اور نااہل حکمرانوں سے نجات دے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد عید کی خوشیوں میں غربا اور مساکین کو یاد رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔دریں اثناء سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے احمد پور شرقیہ میں ٹینکر حادثہ اور آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔، انہوں نے کہا کہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کیلئے دعا کی کے اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور ورثاء کو صبر جمیل دے ،زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے مکمل علاج معالجہ کیلئے اخراجات برداشت کرے اور انہیں بہتر طبی سہولتیں مہیا کرے۔