لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف نے سانحہ بہاولپور پر قوم سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے واقعہ کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیا ع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران کوئٹہ، پارا چنار اور بہاولپور میں اڑھائی سو سے زائد انسانی جانیں دہشت گردی اور حادثے کی نذر ہوئیں۔ ا س پر پوری قوم صدمے میں ہے، انہوں نے عوام سے عید الفطر سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ تخریب کاری کا بھی ہو سکتا ہے اسلئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید آج بہاولپور جائیں گے جہاں احمد پور شرقیہ میں ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کریں گے بعد ازاں ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے احمد پور شرقیہ کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔پی ٹی آئی سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے،اعجاز احمد چوہدری نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی ، اللہ تعالیٰ شہداء کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، حکومت پنجاب تمام وسائل برؤئے کا رلا کر زخمیوں کو طبعی سہولتیں فراہم کرے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ بہت بڑا سانحہ ہے ،بہاولپور میں برن یونٹ کا نہ ہونا پنجاب کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے پنجاب حکومت بر وقت اقدامات اٹھاتی تو کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھی لیکن پنجاب کے حکمرانوں نے آج مجرمانہ غفلت اور بے حسی کی انتہا کر دی ، انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کئی دہائیوں سے پنجاب میں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہے لیکن صوبے کے عوام صحت سمیت بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ، شہباز شریف کی ترجہات میں صحت کی سہولت شاید شامل ہی نہیں ،بعد ازاں پی ٹی آئی کی رہنما غلام محی الدین دیوان ، شبیر سیال، رانا عبدالسمیع ، فیاض بھٹی، ثوبیہ کمال خان اور تنویر خان نے بھی سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہا ر کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔