اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی صدارت میں سی پیک اقتصادی زونز کے حوالے سے خصوصی اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری محض سڑکوں اور انفرااسٹرکچر منصوبوں تک محدود نہیں،توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں صنعت اور تجارت کےنئے دورکاآغاز ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اب صنعتی و اقتصادی زونز کے اہم مرحلے میں داخل ہورہا ہے،صنعتی شعبے میں پاک چین تعاون کی بدولت پاکستان خطے میں پیداواری مرکز بن جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مکمل تیاری اورٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،سی پیک کے تحت قائم ہونے والے 9 صنعتی و اقتصادی زونز کو کامیاب بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اور بزنس ماڈل تیار کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لئے آمادہ کرنے کے لئے اعتماد میں لیا جائے گا،کاروباری طبقے میں اقتصادی زونز کے حوالے ممکنہ فوائد کو اجاگر کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتکاری کے اس مرحلے میں مقامی صنعتوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا،مقامی صنعتکاروں کو چینی سرمایہ کاروں کیساتھ مل کر کام کرنے سے نئے تجربات حاصل ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی صنعتکاروں کے مفادات کی تحفظ کیلئے ان کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔اجلاس کے دوران صوبائی حکومتوں کی جانب اقتصادی زونز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔