کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) اغوا کاروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والہ تاجر عبدالرزاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےگزشتہ روز دم توڑ گیا ورثاء اور انجمن تاجران چمن کے عہدیداروں نے لاش کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاج کیا اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی رہنما اللہ دادترین ،انجمن تاجران چمن کے صدر محمد صادق اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن میں ڈاکو راج ہے انتظامی اور سیکورٹی ادارے ڈاکوؤں اغوا کاروں کے آگے بے بس دکھا ئی دیتے ہیں ،چمن میں ڈاکوؤں اوراغواکاروں نے تاجروں کی زندگی اجیرن کردی ہے ہم لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں اس صورت حال میں تاجروں کیلئے کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہوتا جارہا ہے سپریم کورٹ چمن میں بدامنی کے بڑھتے ھوئے واقعات کا ازخو نوٹس لے، اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ، بعد ازاں مظاہرین چمن انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پر امن طورپر منتشر ہوگئے۔