اولڈہم( تنویر کھٹانہ) پاکستانی کمیونٹی سینٹر اولڈہم میں انٹرکلب تھائی باکسنگ مقابلوں کا انعقادکیا گیا۔ باکسنگ کے ان مقابلوں میں برطانیہ بھر سے مختلف تھائی باکسنگ کلبز نے حصہ لیا مقابلوں میں شریک تمام باکسرز کو انتظامیہ کی جانب سے اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔ مقامی تھائی کلب اور نارتھ ویسٹ کے پہلے ایشیائی تھائی انسٹرکٹر کا اعزاز پانے والے تنویر طارق نے جنگ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ میرا مقصد مختلف کمیونیٹز کو جوڑنا ہے اور یہ تاثر زائل کرنا ہے کہ ایشیائی کمیونٹی کے علاوہ گلاڈوک میں دیگر کمیونیٹز کا داخلہ ممنوع ہے۔ پاکستانی کمیونٹی سنٹر گلڈوک کے وسط میں واقع ہے اور اتنی بڑی تعداد میں دیگر کمیونیٹز کا شرکت کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب نفرت کے خلاف متحد ہیں۔ مئیر آف اولڈہم کونسلر شاداب قمر نے آرگنائزرتنویر طارق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت اچھی کاوش ہے جس سے کمیونٹیز کے مابین اختلافات میں کمی ہوگی۔ باکسنگ مقابلوں میں شریک دیگر لوگوں نے بھی ان مقابلوں کو بہت سراہا جس سے بچوں میں صحتمندانہ کھیلوں کے رجحان مین اضافہ ہوگا۔