چمن / کوئٹہ (نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز) صوبہ بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب چمن میں خودکش دھماکے میں ایس ایس پی شہید اور پولیس اہلکاروں سمیت 20؍ افراد زخمی ہوگئے ہیں ، عیدگاہ چوک کے نزدیک بوغرہ روڈ پر ایس ایس پی ساجد خان مہمند نے جیسے ہی بلٹ پروف کار کا دروازہ کھولا حملہ آور نے خود کو اُڑالیااور ان کی گاڑی بھی مکمل تباہ ہوگئی ، دھماکے سے انسانی اعضاء دور تک بکھر گئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ پولیس اور لیویز نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، بعد ازاں ایس ایس پی کی نماز جنازہ کے بعد میت پشاور روانہ کردی گئی ، ادھر چمن میں خودکش دھماکے کے بعد کوئٹہ میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب تربت میں کھانا کھانے والے مزدورں پر فائرنگ سے 2؍ زخمی ہو گئے، ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق لیویز ہیڈ کوارٹر کیساتھ بوغرہ روڈ ہر خود کش حملے میں ایس ایس پی ساجدخان مہمندشہید جبکہ دوپولیس اور ایک لیویز اہلکار سمیت 20؍ افرادزخمی ہوگئے۔ دھماکے کی جگہ انسانی اعضاء بکھرگئے لاش اور زخمیوں کو ایمبولینس میں سول اسپتال چمن منتقل کیاگیاڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔شدیدزخمیوںکوایمبولینسزاورپرائیوٹ گاڑیوں میں مزیدعلاج کیلئے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسزنے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کئے۔ کھوجی کتوں کی مدد سے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کمشنر کوئٹہ امجد علی خان کمانڈر نارتھ سیکٹر بریگیڈیئر ندیم سہیل نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور اسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایس ایس پی ساجد خان مہمند معمول کے گشت پر ٹرنچ روڈ سے بوغرہ روڈ کی طرف آرہے تھے۔ اس مقام پر رش ہونے کے باعث انہوں نے اپنی بلٹ پروف کاڑی کا دروازہ کھولا اوراپنے گن مینوں سے روڈ کلیئر کرانے کا کہا۔
اتنے میں خودکش حملہ آور نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خودکو اڑالیا۔ ایس ایس پی شہیدکی جسدخاکی کوایف سی قلعہ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر کوئٹہ منتقل کی گئی۔ شہید ایس ایس پی دلیر بہادر نڈر بے باک آفیسر تھے ۔