اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کی دوڑ میں شامل ہوں نا ہی اس بات میں کوئی سچائی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں‘ جے آئی ٹی کی پوری کارروائی تبدیلی کئے بغیر پبلک کی جائے جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزراء کی مشترکہ پریس کانفرنس کے حق میں نہیں تھے مگر ہم نے انھیں قائل کیا کہ عوام کو حقائق معلوم ہونے چاہئیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے جے آئی ٹی کیساتھ مکمل تعاون کیا ہے تاہم خرابیوں کی نشاندہی کرنا ہمارا حق ہے وزیر پٹرولیم نے ایک سوال پر کہاکہ جے آئی ٹی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ ایک شخص سے آدھے گھنٹے تک صرف یہی پوچھا جاتا رہا کہ تمھارا نام کس نے رکھا تھا۔