• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین صنعتی تعاون کے آغاز سے سی پیک اہم مرحلے میں داخل ہوگیا، احسن اقبال

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاک چین صنعتی تعاون، چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی اور مقامی صنعتوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا، سی پیک کی بدولت پاکستان میں صنعتی تعاون کے راہ میں حائل بجلی کی کمی اور اور کمزور انفرا سٹرکچر جیسی رکاوٹیں ختم ہو رہی ہیں، صنعتی تعاون کے آغاز کے ساتھ سی پیک اہم ترین مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سی پیک کے تحت جاری صنعتی تعاون و دیگرمنصوبوں کاجائزہ لینے کیلئے چین کا اعلیٰ سطحی وفدجو پاکستان کے دورے پر ہے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔وفد میں نیشنل ڈیویلپمنٹ ریفارمز کمیشن، نیشنل ریلوے ایڈمنشٹریشن، سرمایہ کار، ایگزم بنک اور چائنا ڈیولپمنٹ بنک کے سنیئر اہلکار اور نمائندگان شامل ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاک چین صنعتی تعاون، چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی اور مقامی صنعتوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا،صنعتی تعاون سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مہارت اور تجربہ ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت ساہیوال کول پاور منصوبے کی تیز ترین تکمیل تعاون کی درخشندہ مثال اور نیا ریکارڈ ہے، انفراسٹرکچر کے شعبے میں جاری منصوبوں میں گوادر کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے، ون بیلٹ ون روڈ وڑن سے ایشیا، یورپ اور افریقہ کے ملک قریب آئیں گے، ایسٹ بے ایکسپریس وے اور نیو گوادر ایئر پورٹ سی پیک کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، گوادر ہسپتال، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور آب نوشی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں، گوادر کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کے لئے گوادر ماسٹر پلان جلد مکمل کیا جائے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ گوادر یونیورسٹی کے چین کی اعلیٰ ترین یونیورسٹی سے الحاق کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ،ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی زیر نگرانی 50 پاکستانی اور چینی جامعات کے الحاق کو سی پیک فریم ورک میں شامل کرنے پر کام جاری ہے،مختلف شعبوں میں چینی تجربات، مہارت اور علم سے استفادے کیلئے اقدامات پاکستان کے تعلیمی نظام اور نصاب کو جدید دنیا سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی تا پشاور ریلوے ایم ایل ون پراجیکٹ منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کیا جانا چاہیے،پاک چین طویل المدتی منصوبے پر فوری دستخط کیلئے چینی حکام کے اقدامات لائق تحسین ہیں، 2013میں ایک ایم او یو سے شروع ہونے والا سی پیک منصوبہ آج دنیا بھر کے اہم ترین منصوبوں میں شامل ہو چکا ہے،چین کے تعاون سے انفراسٹرکچر ، توانائی و گوادر کی ترقی کے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

چینی وفد کے سربراہ لی شیڈونگ نے کہاکہ چینی وفد کا مقصد سی پیک کے تحت جاری صنعتی تعاون، گودار کے ترقیاتی منصوبوں اور پاکستان ریلوے مین لائن ون اپ گریڈیشن پر کام کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک میں شامل تمام منصوبوں کی تیز ترین تکمیل یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،چین حکومت پاکستان کی سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم اور کئے جانے والے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کی بنیادی وجہ پاکستانی قیادت بالخصوص وفاقی وزیراحسن اقبال کی منصوبے میں ذاتی دلچسپی اور فعال کردار ہے۔

تازہ ترین