• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ کا 27 ویں بار پاک بھارت سیز فائر کا ذکر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروانے کا ذکر کیا، یہ 27 ویں بار ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت سیز فائر کا ذکر کیا ہے۔

اسکاٹ لینڈ میں یورپی کمیشن کی سربراہ سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بڑی جنگ کے بہت قریب تھے، انہوں نے دونوں ملکوں سے تجارت پر بات کر کے جنگ رُکوائی۔

غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے  ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نہیں جانتا اب غزہ میں کیا ہو گا، غزہ کے بارے میں اسرائیل فیصلہ کرے گا، ہم دیکھیں گے کہ غزہ میں کیا ہوتا ہے، امریکا نے غزہ امداد کے لیے 60 ملین ڈالرز دیے ہیں، امریکا غزہ میں مزید امداد بھجوائے گا، ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے کا ففٹی ففٹی امکان ہے، یورپی یونین کے پاس تجارتی معاہدے پر پہنچنے کا بہت اچھا موقع ہے، چین کے ساتھ بھی تجارتی معاہدہ کرنے کے قریب ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان بھارت بھی بڑی جنگ کے بہت قریب تھے، میں نے ان سے تجارت پر بات کر کے جنگ رُکوائی، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا مفاہمت چاہتے ہیں، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا دونوں سے رابطے میں ہوں، دونوں امن معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 27 ویں بار پاک بھارت سیز فائر کی بات کرنے کے باوجود بھارتی نریندر مودی نے اس موضوع پر انتہائی سختی سے اپنے لب سیے ہوئے ہیں، اس خاموشی پر بھارت کی اپوزیشن نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔

 راہول گاندھی بار بار کہہ چکے ہیں، کہ مودی بتائیں کہ پاکستان سے جنگ میں بھارت کا کتنا نقصان ہوا ہے؟

بین الاقوامی خبریں سے مزید