راولپنڈی (وقائع نگار)سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفسادکے تحت کوہاٹ ٹنل کے قریب کارروائی کر کے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا، کارروائی کے دوران 2دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد اسلحے سے بھرا ہوا ٹرک درہ آدم خیل سے وانا منتقل کررہے تھے۔اسلحہ ٹرک کے نچلے حصے میں چھپایا ہوا تھا۔برآمد کیے گئے اسلحہ میں پسٹلز، شارٹ مشین گنیں ،رائفلز اور گولہ وبارود کے ڈبے شامل تھے ۔ ہتھیاروں میں30بور کے300 پستول، ایم ایس بی ایس پی پانچ پسٹلز، چھ موزر ،197سیاہ زگانہ پسٹلز، 16کیمو فلاج زگانہ پسٹلز،تیس سیاہ بریٹا ،چار پیٹرو گولڈن بریٹا ، بیس سمتھ اینڈ ویسن ، دس والتھر( سات سیاہ اور تین گرے ) اور26 میکا روف شامل ہیں اس طرح مجموعی طورپر 614پسٹل جبکہ 579میگزین برآمد کئے گئے ۔بر آمد ہونے والے دیگر آٹو میٹک ہتھیاروں میں ایک اے 5.56ایم ایم رائفل، 106شارٹ مشین گن ، دو شارٹ گن کلاکوف ، چھ ایل ایم جی شامل ہیں اس طرح مجموعی طورپر 115آٹو میٹک ہتھیار اور 7000مختلف نوعیت کی گولیاں اور کارتوس بر آمد کئے گئے ۔