لاہور(نمائندہ خصو صی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کسی بھی آئینی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا، وقت کا تقاضا ہے کہ نوازشریف اداروں کو کمزور کرنے کی بجائے اُن کے فیصلے تسلیم کریں، جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کے زیر غور ہے، اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کو قابل قبول ہو گا۔ چوہدری شجاعت حسین نے اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں موجود سنجیدہ سوچ رکھنے والے سیاسی رہنمائوں کو اس وقت اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے اور ملک سے کرپشن سےخاتمہ کیلئے جاری مہم کو کامیاب بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ جے آئی ٹی کی سفارشات کو کسی طور متنازعہ نہیں سمجھتی فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے ہمیں فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے یکساں سوچ رکھنے والی سیاسی جماعتوں اور سیاسی اکابرین سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس وقت کوئی جماعت بھی تنہا ملک کو مشکل حالات سے نہیں نکال سکتی، قومی سوچ رکھنے والی قوتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ناگزیر ہے۔