شیخوپورہ(نمائندہ جنگ )ضلع کو نسل شیخوپورہ نے سال 2017-18کا66کروڑ کا ٹیکس فری بجٹ منظور کرلیا ہے۔ بجٹ اجلاس کی صدارت کنوینئر وائس چیئر مین جہانزیب احمد خان نے کی بجٹ اجلاس میں ضلع کونسل کے ممبران اور افسران نے شرکت کی جبکہ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان اعوان کی قیادت میں اپوزیشن نے بجٹ کے دوران نامنظور نامنظور کے نعر ے لگائے اوربجٹ پر اظہار خیال کیلئے مائیک نہ ملنے پر سپیکر کے خلاف بھی نعرے بازی کی بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے چیئر مین ضلع کونسل انجینئر رانا احمد عتیق انور نے کہا کہ بجٹ میں ضلع کی تعمیروترقی کے لئے محدود وسائل کے باوجود 24کروڑ 97لاکھ 36ہزار مختص کئے گئے ہیں اور پی ایف سی ایوارڈ کے تحت دیہی علاقوں کی تعمیروترقی ، صحت و تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے خرچ کی جا ئے گی ،ابتدائی مرحلہ میں 20یونین کو نسلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کئے جا ئینگے جبکہ سرسبز شاداب پنجاب کے تحت تمام یو نین کونسلوں میں اڑھا ئی لاکھ درخت لگائے جا ئینگے اور ضلع میں کھیلوں کے فروغ ،بیوائوں کی مالی امداد، ہونہار بچوں کے لیے وظائف کے لیے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں، ضلع میں انڈسٹری میں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دلوانے کیساتھ ساتھ ماحولیات اور آبی آلودگی کے خاتمہ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائینگے۔اس موقع پر یوسی چیئرمینوں چودھری اعظم ریاض گجر، رانا محمد آصف ،چودھری ارشد ورک ، جاوید اصغر ورک ، چودھری عمران چدھڑ ،جادید ایم بھٹی ، بینش قمر ڈار ، عطیہ افتخار،عاصمہ رضوان ،عطیہ فیاض ودیگر بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بجٹ ضلع کی تعمیر وترقی اور نئی نسل کو زندگی کی بنیادی سہولیات اور ضروریات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سیکٹرکیساتھ مل کر تعلیم وصحت کی بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ یونین کونسل کی سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کرکے دیہاتی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں یوسی چیئرمین جہانگیر انجم ہنجرا نے وزیراعظم نواز شریف کے حق میں قرارداد پیش کی جو اکثریتی رائے سے منظور کرلی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وزیراعظم محمد نوا زشریف کیخلاف ہر قسم کی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے ضلع کونسل شیخوپورہ اپنا بھرپور کردارادا کریگی۔اجلاس میں سال 2016/17 ء کا ترمیمی بجٹ بھی منظور کرلیا گیا جس میں ضلع کونسل کی تزئین وآرائش اور ترقیاتی منصوبہ جات اور دیگر متفرق اخراجات شامل ہیں ۔