• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور مصر کے درمیان اسکواش سیریز کا آج سے آغاز

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور مصری کھلاڑیوں کے درمیان اسکواش سیریز ہفتے سے مصحف علی میر اسکواش کمپلکس اسلام آباد میں شروع ہوگی۔  پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان نے جنگ کو بتایا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے قومی اور مصری کھلاڑیوں کے درمیان اسکواش سیریز کا آغاز ہفتے سے ہورہا ہے۔

ہمارے کھلاڑیوں نے ورلڈ 5 کھلاڑیوں کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اب پاکستان اور مصری کھلاڑیوں کے درمیان اسکواش سیریز کے پہلے روز تین میچ ہفتے کو جبکہ دو میچز اتوار کو کھیلے جائیں گے۔ ہفتے کو پہلا میچ مصر کے ورلڈ نمبر 22 زاہد محمد اور پاکستان کے وقار محبوب کے درمیان، دوسرے میچ میں ورلڈ نمبر 28 عمر مسعود اور پاکستان کے احسن ایاز مد مقابل ہوں گے جبکہ تیسرا میچ مصر کے ماذن ہشام اور فرحان محبوب کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسی طرح پاکستان اور مصر کے درمیان سیریز کے دوسرے روز پہلا میچ ابولغر 15 اور پاکستان کے اسرار احمد کے درمیان اور آخری میچ میں عالمی نمبر دو کریم عبدالجواد اور پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان ہوگا۔ پاکستان میں ہونے والے اسکواش ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جائے گا۔ اسکواش مقابلے کے موقع پر غیرملکی سیکورٹی اہلکار بھی موجود ہیں اور یہاں مقابلوں کے دوران صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔  دریں اثناء پاکستان اسکواش فیڈریشن نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے پانچ اسکواش کھلاڑیوں کو شمالی علاقہ جات کی سیر کرائی۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف سہیل امان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کے ساتھ اسکواش سیریز کھیلنے کے لئے آئے ہوئے غیرملکی کھلاڑیوں کو سیر وتفریح کے لئے شمالی علاقہ جات کے مختلف تفریح مقامات کی سیر کرائی گئی ہانگ کانگ مصر فرانس امریکا اور برطانیہ سمیت غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستانی کھلاڑی اور اسکواش فیڈریشن کے حکام بھی ان کےساتھ تھے۔ پاکستان کے ساتھ دو روزہ سیریز کھیلنے کے بعد پانچوں غیر ملکی کھلاڑی ہفتہ کو اپنے ملک روانہ ہوں گے۔

تازہ ترین