لاہور(نمائندہ جنگ)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ خواہش ہے اپوزیشن ’’گو نواز گو‘‘ ایجنڈا پر ایک پیج اور سٹیج پر آئے۔ والیم نمبر 10 نہ ملنے کو انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی کہنے والوں نے تین سال سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ دبا رکھی ہے ۔آئین،قانون ،انصاف کا قدم قدم پر قتل عام کرنیوالے آج ہر سانس کے ساتھ انصاف اور حقوق کی بات کرتے ہیں۔
قاتل برادران بتائیں انہوں نے کس قانون ،اخلاقیات او جمہوری اقدار کے تحت ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ انسانی خون بہایا ؟قانون نے قاتلوں اور لٹیروں کو ایکسپوز کر دیا اب عوام انہیں ایوانوں سے نکالنے اور جیلوں میں ڈالنے کیلئے باہر نکلیں ۔وہ گزشتہ روز عوامی لائرز ونگ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ احتساب کو سازش کہنے والوں کے دامن داغدار ہیں ۔جے آئی ٹی نے انکی تسلی سے تلاشی لی اور انکی جیبوں سے صرف جھوٹ ،فراڈ ،تضادات نکلے۔
یہ اداروں،اس نظام اور قانون کی کمزوری ہے کہ پوری طرح بے نقاب ہونے کے باوجود چور آنکھیں دکھا رہے ہیں ۔ نہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے منتشر احتجاج کا حکومتی مافیا کو سیاسی ریلیف مل سکتا ہے ،تمام جماعتیں ملک،قوم کیلئے اکٹھی ہوں اور ایسے رولز آف گیم بنائے جائیں کہ دوبارہ کوئی فرد واحد ملک کو لوٹنے،اداروں کو یرغمال بنانے اور احتساب کرنیوالوں کو آنکھیں نہ دکھا سکے۔