پشاور(وقائع نگار)سابق ایم پی اے اور بزرگ سیاسی رہنما بیگم شہزادہ سلیمان نے چترال ماربل سٹی کے قیام میں تاخیر کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے 2014ءمیں ماربل سٹی کیلئے لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا ‘ گزشتہ تین سال سے زمین مالکان کو ادائیگی نہیں کی گئی اور نہ ہی ماربل سٹی پر عملی کام شروع کیا گیا۔ لوگوں کی اراضی کو خار دار تاریں لگا کر سرکاری تحویل میں لیا گیا ہے۔ مالکان کو اپنی اراضی استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے نہ ہی انہیں زمین کی قیمت ادا کی جاتی ہے ۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں بیگم شہزادہ سلیمان نے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور صوبائی وزیر معدنیات انیسہ زیب طاہر خیلی سے مطالبہ کیا کہ چترال ماربل سٹی کے اراضی مالکان کو فوری طور پر ادائیگی کی جائے اور ماربل سٹی کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کیا جائے تا کہ لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں اورعلاقے میں ترقی کے دروازے کھل سکیں۔