خیرپور(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف ضد چھوڑ کر استعفیٰ دیدیں اور گھر چلے جائیں جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیر اعظم پر کرپشن ثابت ہو چکا ہے وہ جیلانی ہاؤس میں سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے بھتیجے اور میونسپل کمیٹی خیرپور کے چیئرمین سید امجد علی شاہ جیلانی کے ساتھ ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ حالات کافی بگڑے ہوئے ہیں وفاقی وزراء نے غلط بیان بازی کر کے حالات کو بگاڑا ہے انہوں کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا کہ ان پر کرپشن ثابت ہوئی تو و ہ استعفیٰ دیکر چلے جائیں گے جے آئی ٹی کی انکوائری میں ان پر کرپشن ثابت ہو گئی ہے اس لئے نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کا اب کوئی جواز نہیں رہا انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے استعفے کے مطالبے پر تمام اپوزیشن جماعتیں ایک ہیں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پاناما کیس عدالت میں ہے دیکھنا ہو گا کہ عدالت اس میں کیا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات پیپلز پارٹی جیتے گی۔