• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری شجاعت نے انتخابی اصلاحات کا حکومتی بل مسترد کر دیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی انتخابی اصلاحات کا حکومتی بل مسترد کرتی ہے‘ جب تک آئندہ الیکشن کو صاف و شفاف بنانے کیلئے مطلوبہ اصلاحات نہیں کی جاتیں حکومت کے مجوزہ بل پر دستخط نہیں کریں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کے نام پر جو بل پارلیمنٹ میں پیش کرنا چاہتی ہے اس میں کوئی چیز نئی نہیں‘ بنیادی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے موجودہ نظام میں چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت برائے نام اور وہ مجبور شخص ہے جس کے پاس کوئی اختیار نہیں۔

وہ الیکشن کمیشن کے باقی ارکان کی اکثریتی رائے کا پابند ہے یعنی اگر کمیشن کے ارکان کی اکثریت کسی جیتے ہوئے رکن اسمبلی کو ناکام قرار دے دیں تو چیف الیکشن کمشنر بھی جیتے ہوئے رکن اسمبلی کی دادرسی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کی اب تک سو میٹنگز ہو چکی ہیں جن پر قومی خزانے سے سو کروڑ روپیہ خرچ کرنے کے باوجود صفر نتیجہ افسوسناک ہے۔

یہ بات بھی سمجھ سے باہر ہے کہ ان میٹنگز کی کارروائی کو ان کیمرہ یعنی خفیہ رکھا گیا ہے جیسے پارلیمانی کمیٹی الیکشن ریفارمز نہیں بلکہ نیوکلیئر ریفارمز کر رہی تھی۔

تازہ ترین