پاکستان کے 3 شہر دنیا کے فضائی آلودہ کے شکار 20 شہروں کی فہرست میں پچھلے 3 سال سے اپنی جگہ بنائے ہوئے ہیں ، ان میں دو صوبائی دارالحکومت اور ایک وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر بھی ہے ۔
ورلڈ اکانومک فورم کی رپورٹ کے مطابق کراچی ،پشاور اور روالپنڈی نے ماحولیاتی لحاظ سے دنیا کے بدترین شہروں میں جگہ بنالی ہے،دنیا کے پندرہ شہروں میںپشاور دوسرے ،راولپنڈی چوتھے اور کراچی چودہویں پر موجود ہے۔
فضائی آلودگی پر جاری ورلڈ اکانومک سروے کی 2015 اور 2016 میں فہرست میں بھی یہی 3 شہر شامل تھے، بھارتی شہر دسویں، بارہویں اور سترہویں نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کی اہم وجہ حیاتیاتی ایندھن ہے اورزیادہ تر ایشائی ممالک اس کا شکار ہیں ،یہ آلودگی انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے اور مختلف جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ 70 لاکھ افراد صرف فضائی آلودگی کےباعث مر جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں اس مسئلہ پر قابو پانے کے لیے حکومتی اور انفرادی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔