کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایم کیو ایم صرف الطاف حسین کی تھی ، ہے اور رہے گی،انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ، افسران، جوانوں اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کاسارے ثبوت و شواہد کے ساتھ قاتلوں کی گرفتاری پر شکریہ ادا کیا اورانہیں خراج تحسین پیش کیاانہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز نے پریس کانفرنس کر کے عوام کے سامنے حقائق رکھے کہ کس طرح الطاف حسین نے پی ایس پی کے کارکنان کو شہید کرنے کا حکم دیا اور پھرقاتلوں کو شاباشی دی ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے الطاف حسین اپنی تقاریر میں باقاعدہ دہشتگردی اور واردات کرنے کا طریقہ کار بتا رہا ہے اور دہشتگردی کی حمایت کرتے ہوئے ہر دہشتگرد کو یہ یقین دہانی کروا رہا ہے کہ الطاف حسین اسے اور اس کی دہشتگردی کو اون کرے گا۔اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی سمیت انیس ایڈوکیٹ،وسیم آفتاب،اشفاق منگی ، افتخار عالم،محمد رضا، اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ سے آج تک جو بھی بات کی وہ حق اور سچ ہے اور وقت نے اسے سہی ثابت کیا ،اب الطاف حسین 30 سالوں میں پہلی مرتبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں ، ان کا یہی وطیرہ رہا ہے کہ پہلے معصوم لوگوں کو مرواتے ہیں پھر ان کے قاتلوں کو بھی اپنے مزید قاتلوں سے مروا دیتے ہیں تاکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت باقی نہ رہے ۔