وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد45 دن کے لئےسابق وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنائے جانے کا امکان ہے۔
ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے شہباز شریف کا نام نئے وزیراعظم کے طور پر پیش کیا تھا ،جن کے نام پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں نے اجلاس کے دوران نوازشریف کے ہر فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ،اس دوران 45 دنوں کے لئے عبوری وزیراعظم کے لئےشاہد خاقان عباسی سمیت دیگر وزراء کے ناموں پر غور کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا ،شاہد خاقان عباسی عبوری وزیراعظم کے مضبوط امیدوار ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فی الحال جو بھی وزیراعظم بنے گا وہ پارٹی کے ایم این ایز ہی میں سے ہوگا ۔
جیو نیوز کے پروگرام’ آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عبوری یا مستقل وزیراعظم کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہوگا ۔