اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اس پر فخر ہونا چاہئے، تکبر پر بالآخر اللہ کی پکڑ ہوتی ہے اور قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے۔سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے مستقبل کیلئے نہایت اہم ہے اور اس سے کرپشن فری پاکستان کی ابتدا ہو گئی ہے، فاضل ججوں نے عدلیہ کا وقار مزید بلند کر دیا ہے اور پاکستان کی سیاسی سمت کا بھی تعین ہو گیا ہے اور عدلیہ مخالف لوگوں کے مند بند ہو گئے ہیں جو اپنی انا کی تسکین اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ ثابت ہوگیا ہے کہ ہزاروں افراد کی بجائے پانچ آدمی بھی اللہ تعالیٰ کے بعد ملک کو صحیح سمت کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے جے آئی ٹی کے ارکان کی بھرپور محنت، حوصلے اور ثابت قدمی کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قسم کی تنقید، الزام تراشی اور دباؤ کو جس طرح خاطر میں نہیں لائے وہ قابل تحسین ہے۔