وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیےہیں۔نئےقائدایوان کا انتخاب منگل کو قومی اسمبلی کےاجلاس میں ہوگا۔
دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار لانے کے لئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بھی پارلیمانی پارٹیوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں، اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس کل صبح طلب کر لیا گیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کااُمیدوارمیں بنوں یاکوئی اور،متفقہ ہونا چاہیے۔
کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے موقع پرشیخ رشید احمد کا میڈیا سے گفتگومیں کہنا تھا کہ اپوزیشن کواکٹھاکرنا چاہتے ہیں،کوشش ہوگی کہ کل اپوزیشن کے اجلاس میں متفقہ امیدوارسامنے آئے۔
انہو ںنے کہا کہ شہبازشریف اورشاہد خاقان عباسی پرمقدمات درج ہیں جبکہ پاناما سے بڑا کیس حدیبیہ پیپرزملزکا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ اور فوج سے انتقام لینا چاہتے ہیں ، نواز شریف جو جال بنا رہے ہیں اس میں خود پھنس جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے عظیم فیصلہ دیا، نواز شریف اقامہ کے ذریعے دولت ادھر سے ادھر لے جاتے تھے۔
واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری وقت پیرکی دوپہر 2 بجے ہے،کاغذات کی جانچ پڑتال اسپیکرقومی اسمبلی پیرکی سہ پہر 3بجے کریں گے۔
شاہد خاقان کے رابطے
مسلم لیگ(ن)کےنامزدوزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔
شاہدخاقان عباسی نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماحاجی غلام احمد بلورکوٹیلی فون کیا اور وزارت عظمیٰ کے لیےحمایت کی درخواست کی۔
نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم پاکستان سے بھی رابطہ کیا ہے اور وزارت عظمیٰ کے امیدوارکی حمایت کی درخواست کی ہے۔