کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)شہید باز محمد کاکڑ فاونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر لعل محمد کاکڑ اور غیر سرکاری تنظیم ان ریتھ کے سی ای او جماعت اسلامی کے رہنماء عبدالمتین اخوندزادہ نے کہا ہے کہ سانحہ 8اگست کے شہداءکی یاد میں 2اگست کو کوئٹہ میں قومی سیمینار منعقد ہوگا،جس میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی خصوصی طورپر شرکت کریں گے جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کےرہنمااور قبائلی عمائدین کو بھی سیمینارمیں شرکت کی دعوت دی گئی ہے،یہ بات انہوں نے پیر کوکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، انہوں نےکہاکہ سانحہ8اگست کے ایک سال کے بعد بھی صوبے کے عوام اس سانحے کو نہیں بھولے،شہداء کے خاندانوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا شہید وکلاکے خاندانوں کے ساتھ کیے گئے وعدے خوشنما نعرے ثابت ہوئے،جبکہ سانحہ 8 اگست جیسےواقعات پر قابو پانے کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات بھی نہیں کیے گئے ،سانحہ 8 اگست کے بعد 24 اکتوبر 2016 کو پولیس ٹریننگ سنٹر،مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری پر حملہ کے واقعے نے کئی سوالات کھڑے کردیئے،انہوں نےکہاکہ اس واقعہ کے بعد حکومت نے کمیشن بنایااور کمیشن نے مقررہ وقت میں رپورٹ پیش کی جو خوش آئند ہے لیکن اس رپورٹ پر عمل نہ کرنا شہداءکے مشن کے منافی ہے،شہید وکلاء کے خاندان آج بھی اس سانحے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے جانے کے منتظر ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید باز محمد خان کاکڑ فائونڈیشن اور غیر سرکاری تنظیم ان ریتھ نے سول سوسائٹی کے تعاون سے ان سولات کےجوابات تلاش کرنے اور ایک بہتر مستقبل کے لئے2 اگست کو قومی سیمینار کا اہتمام کیا ہے، جس کا سلوگن کمیشن رپورٹ کے تنا ظر میں کوئٹہ کو دوبارہ امن کیسےدلایا جائے ہوگا، سیمینار میں ملک بھر سے سیا سی اور قبائلی رہنمائوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔سیمینار کے اختتام پر اعلان کوئٹہ بھی جاری کیا جائے گا۔