• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اکرم کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو الوداع، ملتان ٹیم میں شامل

Wasim Akram Leaves Psl Islamabad United Joins Multan Team

ماضی کے آل رائونڈر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا ۔انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی فرنچائز ملتان کو جوائن کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کے ملتان سے تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور وہ جلد اس بارے میں باضابطہ اعلان کریں گے۔ البتہ آسٹریلوی ڈین جونز بدستور اسلام آباد ٹیم سے منسلک رہیں گے۔

وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور مینٹورخدمات دے رہے تھے۔ اب ان کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے موجودہ کپتان مصباح الحق کپتانی کے ساتھ ساتھ مینٹور کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم ملتان کے برانڈ ایمبیسیڈر اور مینٹور ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کےتیسرے ایڈیشن میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کیلئے فہرست فرینچائزر کو بھیچ دی گئی ہے۔

اس فہرست میں احمد شہزاد، عمراکمل اور کامران اکمل پلاٹینیم کیٹیگری میں شامل ہیں۔سابق کپتان مصباح الحق پلیئرکم مینٹور پلاٹینیم اور ڈائمنڈ دونوں کیٹیگری میں شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ سابق ریکارڈ ساز کرکٹر یونس خان کی بطور مینٹور خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم کی مینٹورنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کو اپنے نام کیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک پی ایس ایل کے 20 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 11 میچز میں وہ کامیاب رہی جبکہ 9 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین