راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے اٹھارویں منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سیاسی کیرئیر 30 سال پر مشتمل ہے اور وہ اس عرصے کے دوران 6 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
58سالہ شاہد خاقان عباسی نے 27 دسمبر 1958 کو کراچی میں ممتاز سیاستدان خاقان عباسی کے گھر آنکھ کھولی۔ شاہد خاقان عباسی شادی شدہ اور 3 بچوں کے باپ ہیں۔انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی کراچی سے حاصل کی اورلارنس کالج مری سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی اور اسی شعبے سے اپنے کیرئیر کا سفر شروع کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے 1985 میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نےامریکا میں مختلف پوزیشن پر کام کیا اور سعودی عرب میں بھی آئل اینڈ گیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دیں۔شاہد خاقان عباسی نے 1988 میں والد کے انتقال کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور اسی سال مری کے حلقہ این اے 50 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 30 سالہ سیاسی کیرئیر میں وہ 6 مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔1990
کے انتخاب میں انہوں نے عوامی جمہوری اتحاد کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے دفاع بنےجس کے بعد 1993 کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر این اے 50 سے ہی تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے اور قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔1997 کے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اورپی آئی اے کے چیرمین بھی رہے جب کہ مشرف دور حکومت میں 2 سال جیل میں رہے ۔