• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع راولپنڈی میں 7سے 11اگست تک خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)ضلع راولپنڈی میں خصوصی پولیو مہم7سے 11اگست تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دید ی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فیاض بٹ نے مہم کو کامیاب و موثر بنانے کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔جس کے تحت یونین کونسل سیکرٹریز اور پٹواریوں کو بھی مہم میں شامل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کے پی کے اور آزاد کشمیر کیلئے جنکشن سٹی ہونے کے باعث راولپنڈی تیز رفتار آبادی تبادلے کی زد میں رہتا ہے۔جس کے باعث پولیو مہم یا دیگر بیماریوں کے خلاف چلنے والی مہموں کے دوران تمام تر اقدامات کے باوجود سو فیصد تک بچوں تک رسائی ممکن نہیں ہوتی۔گزشتہ پولیو مہم میں بھی تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے باعث امکان ہے کہ کئی بچے قطرے پینے سے رہ گئے ہوں گے۔جن کو کور کرنے کیلئے اب دوبارہ خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نمایاں جگہوں پر بینرز،پوسٹرز اور سٹیمرز لگانےکے علاوہ مساجد کےذریعے اعلانات کرانے کے ساتھ ساتھ سوشل موبلائزرز کو شامل کیا جائے گا۔ہائی رسک علاقوں جہاں سے آبادی کی ہجرت زیادہ ہوتی ہےاور پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں،بند ملنے والے گھروں اور قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کا ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈاکٹر فیاض بٹ کے مطابق مہم کے دوران ضلع راولپنڈی میں تقریباً 8لاکھ 29ہزار بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کے لیے قطرے پلائے جائیں گئے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے لیے پنجاب حکومت سکیورٹی کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات کر رہی ہے ۔
تازہ ترین