اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیراعظم کے انتخابات کے موقع پر منگل کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بغیر پاسز گیلریوں میں لانے پر تحفظات کااظہار کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سے اس معاملے کی تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام اپنے خط میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ہےکہ یکم اگست کو وزیر اعظم کے انتخاب کے دن نہ صرف یہ کہ سابق رکن قومی اسمبلی کی تصاویر ایوان میں لہرائی گئیں بلکہ بغیر پاسز کے لوگوں کو ہجوم کی شکل میں نہ صرف اسمبلی کی گیلریوں بلکہ پریس گیلری میں بھی لایا گیا۔ جس کی وجہ سے اسمبلی کا ڈسپلن خراب ہوا اور صورت حال معمول کے مطابق نہ رہی ۔ انہوں نے لکھا کہ بغیر پاسز کے اتنی بڑی تعداد میں ایک جماعت کے لوگوں کو اسمبلی میں اکٹھا کرنا خطرناک کام تھا جس کے نتیجے میں کوئی بھی حادثہ پیشں آ سکتا تھا۔ قائد حزب اختلاف نے لکھا کہ سپیکر قومی اسمبلی اس معاملے کی تحقیقات کرائیں اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں ۔