کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری سعید محمد کاکڑ،نورمحمد اور امیر محمد ملاخیل نے کہاہےکہ نوابزادہ ہمایوں جوگیزئی کی پارٹی کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں،شوکاز کے بغیران کو برطرف کرنا اور الزامات لگانا درست نہیں،پارٹی کےچیئرمین عمران خان کوئٹہ آکر پارٹی اختلافات کاخاتمہ اورپارٹی کے صوبائی انتخابات کرائیں،یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں قوم پرست جماعت سے تعلق رکھنے والے سردار عثمان کی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی یوتھ ونگ میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں سنیئر اور مخلص ساتھیوں کو ان کا مقام دیتی ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہےکہ پی ٹی آئی بلوچستان میں سنیئر ساتھیوں کو بغیر نوٹس دیئے پارٹی سے نکالا جارہا ہے جس کی ہم اجازت نہیں دینگےہم سیاسی او رجمہوری لوگ ہیں پارٹی میں بھی جمہوریت اور سیاسی طرز چاہتے ہیں ،انہوںنے کہاکہ عمران خان ہمارے قائد ہیں پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن قومی اسمبلی نے عمران خان پر جو الزامات لگائے ہیں ان کی بھی مذمت کرتے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ عمران خان کوئٹہ آکر پارٹی انتخابات کرائیں اگر ہماری درخواست پر توجہ نہ دی گئی تو ہم بنی گالہ جا کر احتجاجی کیمپ لگائینگے۔