ہالینڈ اور ڈنمارک کی فٹ بال ٹیمیں یوئیفا ویمنز یورو فٹ بال چیمپئن شپ 2017 کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ ٹائٹل کیلئے مقابلہ کل ہوگا۔
سیمی فائنل مرحلے میں میزبان ہالینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کو ہرا کر جبکہ ڈنمارک کی ٹیم نے آسٹریا کو شکست دیکر چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ہالینڈ میں کھیلے گئے یوئیفا ویمنز یورو فٹ بال چیمپئن شپ 2017 کے پہلے سیمی فائنل میں ڈنمارک کا مقابلہ آسٹریا کی ٹیم سے تھا دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی سخت اور کانٹے کا مقابلہ رہا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں ۔ فیصلے کے لئے دونوں ٹیموں کو پنالٹی ککس دی گئیں جس پر ڈنمارک کی ٹیم نے آسٹریا کی ٹیم کو 3 - 0 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں میزبان ہالینڈ کی ٹیم کا مقابلہ انگلینڈ کی ٹیم سے تھا جس میں ہالینڈ کی ٹیم نے بآسانی انگلینڈ کی ٹیم کو 3 - 0 سے زیر کرلیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے میڈیما، وان ڈی ڈونک اور برائٹ نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔
فائنل میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں۔