• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ شہباز کیخلاف عائشہ احد کے الزامات‘کیاپارلیمانی کمیٹی بنے گی؟عمران

Todays Print

اسلام آباد‘لاہور (نمائندہ جنگ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عائشہ احد کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شریف کے خلاف سنگین الزامات پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل نئے وزیر اعظم کا پہلا امتحان ہے‘ خواتین کے حقوق کے علمبردار ذہنی و جسمانی تشدد پر سات سال سے انصاف کی متلاشی عائشہ احد کے لئے اٹھ کھڑے ہوں‘ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عائشہ احد نے مجھ سے رابطہ کر کے بتایا کہ انہیں اور ان کی بیٹی کو جان کا خطرہ ہے۔

وزیر اعظم اور پولیس عائشہ احد کو شریف مافیا کے خلاف سیکورٹی فراہم کریں‘ عمران خان نے کہا کہ دیکھتے ہیں کیا وزیر اعظم اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے یا شریفوں کے درباری بن کر عائشہ احد پر تشدد کے الزامات کو نظر انداز کر دیں گے۔ قبل ازیںعائشہ گلا لئی کے عمران خان پر الزامات کے بعد تحریک انصاف حمزہ شہبازسے شادی کی دعویدارعائشہ احد کو سامنے لے آئی۔

عائشہ احد ملک نے کہا ہےکہ عائشہ گلالئی کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنا دی گئی، میرے اور حمزہ شہباز کیلئے بھی کمیٹی بنائی جائے، حمزہ شہباز نے مجھ سے جھوٹ بول کر شادی کی اور کہاکہ میری پہلے شادی نہیں ہوئی ہے۔عائشہ احد نے گزشتہ روز تحریک انصاف کی  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور این اے 120 سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے کے ہمراہ لاہورکینٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ 7 سال سے انصاف کے لئے کورٹ کچہری بھگت رہی ہوں، حمزہ شہباز نے مجھے اغوا کروایا اور ظلم کروائے، ملک کے نئے وزیر اعظم خاقان عباسی نے اسمبلی فلور پر عائشہ گلالئی کی بات کی مگر افسوس ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف میرے لئے انصاف کی بات نہیں کرتے‘ انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی  کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنا دی، اپنی بہو کے لیے کچھ کرو اور انصاف دو، میرے پاس بھی میسجز ہیں‘ اتنے سالوں سے ظلم سہہ رہی ہوں، تھانے میں ظلم کیا گیا، تشدد کرکے کہا گیا کہ لکھ کر دو کہ حمزہ شہباز سے کوئی تعلق نہیں، جیو کے مقصود بٹ کے ذریعے تشدد کیا گیا۔

وزیر اعظم نواز شریف سے درخواست کرتی رہی کہ مجھے دہشت گرد بنا دیا گیا، ایک کیلئے پارلیمانی کمیٹی بن رہی ہےتو میرے لیے کوئی قانون نہیں، کیا وہ وزیر اعلیٰ کا بیٹا ہے اس لیے اس پر کوئی قانون لاگونہیں ہے، وزیر اعظم اور عدلیہ سے اپیل ہے کہ میرے اور حمزہ شہباز کے لیے بھی کمیٹی بنائی جائے اور مجھے انصاف دلایا جائے۔عائشہ احد نے کہا کہ  عائشہ گلا لئی کے بارے میں کہا گیا کہ ایک عورت جھوٹ نہیں بھول سکتی، میر ی آوازبھی سنی جائے میں بھی جھوٹ نہیں بول رہی ۔نواز شریف فیملی کے سربراہ ہیں مجھے انصاف دیں۔

عائشہ احد نے کہا کہ حمزہ اور شہباز شریف کے خلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کیا ہے ،نواز شریف اور کلثوم نواز کی گوائیاں ڈلواؤنگی۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ شرافت کی باتیں کرنے والے شریف فیملی کے ممبرکہتے ہیں عورتوں سے کبھی زیادتی نہیں کی، عائشہ احد نے اتنی تکلیفیں اٹھائیں ، بیوی کا رشتہ عزت والا اور مقدس ہوتا ہے، علیحدگی بھی عزت کے دائرے میں ہونی چاہئے۔

فردوس عاشق نے کہاکہ عائشہ احد کی خاطر بھی پارلیمانی کمیٹی کیلئے تحریک لائینگے، عائشہ احد کا اسکینڈل نہیں بلکہ اس نے نکاح کیا، عائشہ احد کے ساتھ ہماری سیاسی رفاقت نہیں، عدالتوں میں عائشہ احد کے کیسز چل رہے ہیں،انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔فردوس عاشق اعوان نے  مطالبہ کیا کہ عائشہ گلا لئی اور عائشہ احد کے لیے ایک جیسے ٹی او آرز بنائے جائیں۔دوسری جانب جیوکے مقصودبٹ نے عائشہ احدکے الزام کی سختی سے تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ میرااس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ‘یہ ایک جھوٹا الزام بلکہ مجھ پر بہتان ہے۔

تازہ ترین