لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری قوم کرپشن کے خلاف جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کا اٹل فیصلہ کر چکی ہے ، ا سٹیٹس کو کے حامی اپنے عبرتناک انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں اس لئے ان کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے ،حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں ریاستی مشینری کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پانامہ فیصلے کے بعد حکمران حواس باختہ ہو چکے ہیں اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا کر رہے ہیں ۔ ایک طرف عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو تسلیم کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں اور دوسری طرف جلسے جلوسوں میں للکارا بھی جارہا ہے ۔ پوری قوم ریاستی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے اور کسی کو ان کی عزت و تکریم کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانامہ کے فیصلے سے کرپشن کی آبیاری کرنے والوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور انہیں ہر طرف تاریکی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف گھٹیا مہم قابل مذمت ہے اور قوم اس کے پیچھے اصل کرداروں سے بخوبی آگاہ ہے ۔