قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عورت کی عزت پر سیاست کا حصہ نہیں بنے گی ۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کی موجودہ صورت حال پر اسمبلی کو ان کیمرا بریفنگ دی جائے ۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر ملکی سلامتی کسی خطرے میں ہے تو پیپلز پارٹی پاکستان کو بچانے کے لیے سب سے آگے ہو گی، 47وزیروں کے بعد ہم سمجھتے تھے کہ ایوان بھرا ہو گا مگر ایسا نہیں ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ان کیمرا بریفنگ دے کہ ملک کو کون سے خطرات ہیں،اگر پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہے تو پی پی کی قیادت بچانے کے لیے سب سے آگے ہو گی۔
اس سے قبل عائشہ گلالئی کے ایوان میں خطاب کے موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین نے احتجاج کیا، شور شرابے سے ایوان مچھلی بازار بن گیا ۔
اس موقع پر قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 30سال میں یہاں بڑے احتجاج دیکھے لیکن ایسا تماشہ نہیں دیکھا، سب اچھی طرح دل کی بھڑاس نکال لیں، قوم ہمارا تماشہ دیکھ لے پھر بولوں گا۔