• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کا لاہور، گوجرخان ضمنی انتخابات میں الیکٹرانک مشینوں کے استعمال کا فیصلہ

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ این اے 120لاہور اور پی پی 4گوجر خا ن کے ضمنی انتخابات میں تجرباتی بنیادوں پرالیکٹرونک ووٹنگ مشینوں ای وی ایم اوربائیو میٹرک مشینوں بی وی ایم کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور نادرا کو این اے،120، پی پی 4کے ووٹروں کا مطلوبہ ڈیٹا کمیشن کوبروقت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، تفصیلات کے مطابق بدھ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں گوجر خان کے ضمنی انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن کے پاس اس وقت 100بائیو میٹرک مشینیں ہیں جبکہ 150الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں موجود ہیں، جن کو ان دونوں ضمنی انتخاب میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ تکنیکی بنیادوں پر لیا جاسکے ۔ اس سلسلے میں نادرا سے بھی رابطہ کیاگیا ہے کہ وہ ان انتخابی حلقوں کے ووٹروں کا مطلوبہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کوبروقت فراہم کرے تاکہ 17 ستمبر 2017 کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں ان مشینوں کاتجرباتی طورپر استعمال کیا جاسکے، اجلاس میں یہ فیصلہ کیاگیا کہ میڈیا کو عنقریب ان دونوں مشینوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائےگی اورمیڈیا کے سامنے ان دونوں مشینوں کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کیا جائے گا، مزید یہ بھی فیصلہ ہوا کہ الیکشن کمیشن ان مشینوں کے استعمال سے متعلق متعلقہ ووٹروں اور امیدواروں کی آگاہی کے لئے اقدامات اٹھائے گا تاکہ ان حلقوں کے ووٹر اور امیدواران ان مشینوں کے  استعمال  کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے تاکہ بہتر  نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ 

تازہ ترین