گجرات (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ریلی کے دوران جاں بحق ہونے والے 12 سالہ بچے کے گھر آمد ہوئی ، واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اوراور لواحقین سے تعزیت کی۔وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر درشن لال، ایم این ایز چوہدری عابد رضا، ملک ابرار، ایم پی ایز چوہدری اشرف دیونہ، چوہدری شبیر احمد کے ہمراہ لالہ موسیٰ میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ریلی کے دوران ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے 12سالہ حامد کے گھر گئے۔ متوفی کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔صوبائی وزیر بلدیات منشا اللہ بٹ، مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک،مئیر گجرات حاجی ناصر محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حادثہ میں حامد کی موت نہایت افسوسناک ہے، متوفی یقیناً درجہ شہادت پر فائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، مسلم لیگ ن کی پوری قیادت حامد کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے متوفی کے گھر آنے کا اعلان کیا ہے اورتعزیت کیلئے وہ جلد لالہ موسیٰ آئیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قافلہ میں بہت زیادہ رش ہونے کیوجہ سے متوفی کو فوری طبی امدا د فراہم نہ کی جاسکی، مقامی انتظامیہ اور پولیس اس حادثہ کے ذمہ دار کے تعین کیلئے کام کر رہی ہے اور جو بھی قصووار ہوا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔