عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت نوازشریف کی دماغی کیفیت قابل رحم ہے،وہ نظر ثانی اپیل بھی کررہے ہیں اور ججوں کو بھی للکارہے ہیں۔
شیخ رشید میڈیا ٹاک کے دوران صحافی کے سوال پر الجھ پڑے ،زیادہ فری نہ ہونے اور خاموش ہوجانے تک کا کہہ دیا ۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نوازشریف فیصلہ کر لیں ججوں سے جھگڑا کرنا ہے یا ان سے اپنا قانونی حق مانگنا ہے ۔
ان کا کہناتھاکہ نوازشریف کی نظر ثانی کی اپیل کے منتظر ہیں ،دائر ہوتے ہی ہم بھی سپریم کورٹ جائیں گے،میں سابق وزیراعظم کو جیل بھیجنے کے حق میں نہیں ،چاہتا ہوں وہ ایسے ہی سڑکوں پر دھکے کھاتے رہیں۔
ایک موقع پر شیخ رشید احمد بار بار سوال کرنے پر صحافی سے الجھ پڑے اور کہا کہ 4 سوال کرلئے ہیں سارے سوالات آپ نے نہیں کرنے بس خاموش ہوجائو۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نےاپنے عوامی لہجے میں صحافی کو یہ بھی کہا کہ زیادہ فری نہ ہوا کراور بھی نمائندے ہیں، تو کیا آسمان سے آیا ہے ؟