اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسلامی دنیا کے حوالے سے امریکہ کا دوہرا معیار مزید تقویت پکڑ رہا ہے۔ منشور انسانیت کے راگ الاپنے والوں نے خود ہی انسانیت کو بارود کی بھٹی میں جلا کر درندگی کا ثبوت دیا ہے۔ عالمی طاقتوں پر واضح کرتے ہیں سیاسی، سفارتی، قانونی اور اقتصادی بیساکھیوں کا سہارا لیکر مظلوموں کی آواز کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ انصار الامہ پاکستان مولانا فضل الرحمان خلیل نے تنظیمی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا فاروق کشمیری، صہیب خان ترین اور قمراللہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آزادی اور خودمختاری کے نغمہ سازوں کا اپنا مفاد تھا تو مشرقی تیمور اور سوڈان کو آزاد ریاست تسلیم کر لیا لیکن جب بات شام‘ فلسطین‘ برما‘ عراق‘ افغانستان اور یمن میں جاری کشت و خون کی ہوئی تو اُنکی زبانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کرلی۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی دنیا حقیقتاً امن کی خواہاں ہے تو عالم اسلام سے متعلق اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا۔