چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے فوری طور پر اپنے منصب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ریفرنس سے عیاں ہوگیا کہ ایازصادق نواز شریف کی کرپشن بچارہے ہیں،ایاز صادق کے ریفرنس سے بدنیتی صاف جھلکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق پہلے ہی خود کو متعصب ظاہر کرچکے تھے، آج انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ اسپیکر کے منصب کے بھی اہل نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کا یہ کہنا کہ انکا دفترتحقیقاتی ادارہ نہیں کئی سوال جنم دیتا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایازصادق نے میرے اور جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن ریفرنسز کیسے بھجوائے؟
عمران خان نے مزید کہا کہ ایاز صادق کے پاس تحقیقات کی صلاحیت نہیں تو نواز شریف کیخلاف ریفرنس کیسے مسترد کیا؟ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کرپشن بچانے کیلئے ہر حد تک جانے پر آمادہ دکھائی دیتی ہے۔