اسلام آباد( نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں ) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس آصف سعیدکھوسہ کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا‘قومی اسمبلی کے ترجمان اور اٹارنی جنرل نے ریفرنس دائر کئے جانے کی تردید کی ہے ‘ترجمان قومی اسمبلی کا کہناہے کہ اسپیکر نے کوئی ریفرنس فائل نہیں کیا‘اس حوالے سے مبالغہ آرائی نہ کی جائے ‘اٹارنی جنرل اشتراوصاف کے مطابق ریفرنس کا شوشہ چھوڑاگیاہے‘ادھراپویشن کا کہنا ہے کہ اگرریفرنس دائر کیاگیاتو مزاحمت کریں گے۔
عمران خان کاکہناہے کہ ریفرنس بدنیتی پرمبنی ہے ‘ایازصادق استعفیٰ دیں ‘ شیخ رشیدکہتے ہیں یہ نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے‘چوہدری شجاعت اورپرویزالٰہی نے کہاکہ عدلیہ کے خلاف ن لیگ کی مہم نہایت شرمناک ہے‘ قومسپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے‘ذرائع کے مطابق ریفرنس فائل کرنے کا آپشن موجود ہے ‘اسے ختم نہیں کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ترجمان محسن اقبال نے ہفتے کو دن بھر مختلف چینلز پر چلنے والی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کسی جج کے خلاف کوئی ریفرنس فائل نہیں کیا اوراسپیکر کے بارے میں غلط بیانی اور مبالغہ آرائی سے گریز کیا جائے تاہم اعلامیے میں ایسی کوئی بات شامل نہیں جس سے اس امر کا اظہار ہو کہ مستقبل میں بھی فاضل جج کے خلاف ریفرنس فائل نہیں ہوگا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے مشاورتی اجلاسوں میں اس صورتحال کا جائزہ لیاگیا کہ فاضل جج کی طر ف سے اسپیکر کو میاں نواز شریف کا وفادار قرار دیا گیا جوکہ حقائق کے منافی ہے اور ان ریمارکس سے اسپیکر کے منصب کی توہین ہوئی۔ ذرائع کے مطابق فاضل جج کے خلاف ریفرنس فائل کرنے کا آپشن موجود ہے اسے ختم نہیں کیاگیا۔
جنگ رپورٹرکے مطابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی نے جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو جھوٹ اور سازش پر مبنی افواہیں قرار دیتے ہوئے ان کی پرزور الفاظ میں تردید کی ہے اور کہا ہے کہ جسٹس آصف سعید کیخلاف ایسا کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا ہے اور ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ، دوسری جانب سپریم کورٹ کے ایک معتبر ذریعہ نے بھی اس کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ہفتہ کے روز آفس ٹائم ختم ہونے تک ایسا کوئی ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر نہیں کیا گیا ہے ۔
جنگ رپورٹر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست سے قبل جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے یہ شوشہ خاص مقصدکے لئے جان بوجھ کر چھوڑا گیا ہے ،تاکہ سنسنی پھیلا کر غیر یقینی صورتحال پیدا کی جاسکے ،واضح رہے کہ ہفتہ کے روز افواہ پھیلائی گئی تھی کہ اسپیکر نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کیخلاف 5 صفحات پر مشتمل ریفرنس دائر کردیا ہے ،جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاناما کیس کے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اسپیکر نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کی ہیں اور اس بنیاد پر پاناما کیس سے متعلق درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیا ہے،اے این این کے مطابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ابھی ریفرنس دائر نہیں ہوا۔
ادھرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف مبینہ ریفرنس پر اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایاز صادق کے ریفرنس سے بدنیتی صاف جھلکتی ہے ، نون لیگ نواز شریف کی کرپشن بچانے کے لئے ہر حد تک جانے پر مصر دکھائی دیتی ہے ، ایاز صادق کا یہ کہنا کہ ان کا دفتر کوئی تحقیقاتی ادارہ نہیں کئی سوالوں کو جنم دیتا ہے ، اگر ایسا ہے تو انہوں نے میرے اور جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمیشن کو ریفرنس کیسے بھجوائے ‘ ایاز صادق کے پاس تحقیقات کی صلاحیت نہیں تو انہوں نے نواز شریف کے خلاف ریفرنس کیسے مسترد کیا ، ایاز صادق پہلے ہی خود کو متعصب ظاہر کرچکے تھے ، آج انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ اسپیکر کے منصب کے بھی اہل نہیں۔ انہوں نے ایاز صادق سے فوری طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کے منصب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔علاوہ ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج کے خلاف ریفرنس نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں ان کاکہناتھاکہ ایاز صادق کو جاتی امراءبلا کر یہ فیصلہ کیا گیا، نوازشریف ہمیشہ قربانی کے بکروں کا سہارا لیتے ہیں اور ان کے پاس ایسے کئی بکرے موجود ہیں‘ نوازشریف نے آئین و قانون سے بغاوت کا اعلان کردیا ہے‘یہ لڑائی نوازشریف کی ہی ہدایت پر شروع کی گئی۔مزیدبرآںمسلم لیگ (ق)کے صدرچوہدری شجاعت اورمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ ایماندار اور بے خوف تاریخی فیصلے کرنے والے نڈر جج ہیں‘ عدلیہ کے خلاف ن لیگ کی مہم نہایت شرمناک ہے‘ ہر محب وطن پاکستانی سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہے۔ وہ یہاں متعدد وکلا کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
مسلم لیگی قائدین نے ن لیگ کی عدلیہ کے خلاف مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس کی مذمت کرتی ہے اور سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلہ پر اعتماد کرتی ہے۔دریں اثناءاسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ریفرنس کا گھڑا گیا ڈرافٹ کسی نے محنت سے تیار کیا ہے ،ڈرافٹ کے پوائنٹس دلچسپی لے کر بنائے گئے ہیں۔
ہفتہ کو جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں کل پیر کے روز اسلام آباد جائوں گا اور خود بھی ڈرافٹ کو سنجیدگی سے پڑھوں گا‘انہوں نے چار لوگوں کی طرف سے ڈرافٹ کی تیاری کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ریسٹورنٹ میں کھانا کھائے گئے اور اس کی چھت پر اتنا اندھیرا تھا کہ وہاں کیسے ڈرافٹ تیار ہو سکتا ہے ‘ اس سوال پر کہ آپ نے ڈرافٹ کو سنجیدگی سے پڑھنے کی بات کی ہے کیا آپ ریفرنس فائل کرنے جارہے ہیں کا جواب دیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ ابھی اس بات کو چھوڑیں میں ابھی اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔