• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرحد چیمبر میں چھوٹے تاجروں کیلئے سمیڈا کے تعاون سےای آر کے ایف ڈیسک قائم

پشاور(کامرس رپورٹر)سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے کہا ہے کہ چیمبر ہائوس میں چھوٹے تاجروں کی معاونت کیلئے سمیڈا کے باہمی تعاون سےای آر کے ایف ڈیسک قائم کردیاگیا ہے قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجر اس پراجیکٹ سے استفاد ہ حاصل کرنے کیلئے چیمبر میں قائم ڈیسک سے رابطہ کریں ۔ تاجروں اور دکانداروں کو ای آر کے ایف پراجیکٹ کے تحت ہر ممکن ریلیف اور مالی معاونت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ سرحد چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے ۔تمام مسائل باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران اسلام آباد چترالی بازار کے صدر عبدالرزاق اور جنرل سیکرٹری احسان کی قیادت میں آئے ہوئے تاجروں اور دکانداروں کے ایک وفد سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا چترالی بازار کے وفد نے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کوچترالی وفد کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے انہیں بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے کرایہ داری فارم میں تمام ملازمین کا ڈیٹا فراہم کرنے کے باوجود تاجربرادری کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چترالی مصنوعات کی افغانستان ایکسپورٹ پر ری فنڈز دیا جائے تاکہ تاجروں کو ایکسپورٹ کے عمل میں سہولیات میسر آئیں انہوں نے کہاکہ ای آر کے ایف پراجیکٹ میں چترالی بازار کے تاجروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ان تاجروں کو اپنے کاروبار کو اپ گریڈ کرنے اور فروغ دینے میں مدد مل سکے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے وفد کی سفارشات اور تحفظات سے اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ سرحد چیمبر اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گا اور تاجر برادری کو ہر صورت ریلیف دلایا جائے گا انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر کے دروازے تاجر برادری کے کھلے ہیں اور وہ مسائل کے حل کیلئے چیمبر آکر اپنی مشکلات کا اظہار کرسکتے ہیںانہوں نے تاجروں اور دکانداروں کو یقین دلایا ہے کہ ای آر کے ایف پراجیکٹ کے تحت قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجروں کی بھرپور مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا سرحد چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہےتمام مسائل باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔
تازہ ترین