اسلام آباد(محمد صالح ظافر+خصوصی تجزیہ نگار) حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے اپنے اختلافات کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو حد درجہ قابل اعتماد سیاسی ذرائع نے یہاں اتوار کو بتایا کہ 28جولائی کے عدالتی فیصلے کے تناظر میں منعقدہ اجلاس میں جو پنجاب ہائوس میں جاری تھا اور جس میں سبکدوش وزیر اعظم نواز شریف بھی موجود تھے چوہدری نثار علی خان نے اچانک اعلان کیا کہ وہ اپنے تمام اختلافات جن کا تعلق کسی بھی رفیق کار سے ہے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
اس موقع پر خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے جن سے انکے گزشتہ پانچ سال سے قطع رحمی جاری تھی وہ اس عرصے میں وفاقی کابینہ کے ایک ساتھ رکن ہونے کے باوجود ایک دوسرے سے گفتگو نہیں کرتے تھے۔ ان کے درمیان تنازع کسی معمولی بات پر شروع ہوا تھا اور یہ ان دنوں کی بات ہے جب چوہدری نثار علی خان، پیپلز پارٹی کی حکومت میں قائد حزب اختلاف تھے جس کےبعد مشترکہ دوستوں کی متعدد مرتبہ کوششوں کے باوجوددونوں میں غلط فہمی ختم نہ ہوسکی اور انکے درمیان رابطے’’منقطع‘‘ رہے۔ یہ امر قابل تذکرہ ہے کہ قبل ازیں چوہدری نثار علی خان اور خواجہ محمد آصف کے درمیان گاڑھی چھنتی تھی اور دونوں کے افراد خاندان کے درمیان بھی گہری دوستی تھی۔ ذرائع کے مطابق جناب نواز شریف نے چوہدری نثار علی خان کے اعلان پر خوشنودی کا اظہار کیا تھا۔ اس امر کا سراغ نہیں مل سکا کہ چوہدری نثار علی خان کے اس اعلان کے بعد خواجہ محمد آصف سے ان کا رابطہ بحال ہوا ہے یا نہیں۔