اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے معلومات تک شفاف رسائی کا وعدہ آج پورا کر دیا ہے،بل کی متفقہ منظوری پر پارلیمنٹ مبارکباد کی مستحق ہے، قومی اسمبلی کے اگلے سیشن میں بل پیش کر دیا جائے گا، بل کو تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ متفقہ بل کو سب سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، نوازشریف کے وژن کے مطابق ٹرانسپرنسی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں،حکومت کے 4سال میں کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ معلومات تک شفاف رسائی کے متفقہ بل کو سب سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، بل کے تین حصے ہیں جن میں عوامی مفاد کا تحفظ کیا گیا ہے، بل سے صحافیوں کو معلومات تک شفاف اور موثر انداز میں آسان رسائی میسر ہوگی، بل کے تحت 10دن میں معلومات دینا ہوں گی، وزیر مملکت نے کہا کہ معلومات روکنے کی صورت میں دو سال سزا اور جرمانہ ہے،متعلقہ حکام کو معلومات فراہم نہ کرنے کی وجوہات تین دن کے اندردینا ہوگی، قانون کے تحت نیشنل سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے اور انفارمیشن کمیشن کے ذریعے پارلیمانی نگرانی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔