وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کا منتخب وزیراعظم عدالتوں کی ذریعے سزا پاسکتا ہے تو وہ شخص جس نے ملک کا آئین توڑا اس کو بھی سزا مل سکتی ہے۔ اپنے وقت میں ملک کے سیاہ وسفید کا مالک آج انٹرویو دیتا ہے لیکن قانون کاسامنا نہیں کررہا ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی برادری کے ساتھ کام کرتا رہا اور کرتا رہے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جب کہ اسے ختم کرنے سے متعلق ہمارا عزم کسی دوسرے ملک کا محتاج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرویو دینے والا شخص عدالت کا سامنا نہیں کررہا جب کہ اس شخص کے جانے کا فیصلہ عدالت نے کیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ملک بھر میں رول آف لاء سب کے لیے ایک جیسا ہے، جب ملک میں ایک وزیراعظم عدالتوں کا سامنا کرکے سزا وار ہوسکتا ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ شخص بھی عدالتوں میں آئے۔
انہوں کہا کہ عام انتخابات میں نادرا کا کردار کلیدی ہوگا، اسمارٹ شناختی کارڈ کا دائرہ وسیع کیا جارہاہے تاکہ جعلسازی کو روکا جائے۔