• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو ایس اوپن ٹینس کا آج آغاز، نڈال اور فیڈرر ٹائٹل کیلئے فیورٹ

نیویارک (جنگ نیوز) سال کا چوتھا گرینڈ سلم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ پیر سے نیویارک میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کیلئے 50.4 ملین امریکی ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ 10ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز، ڈبلز، ویمنز سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلے ہوں گے۔ ٹینس سیزن کے آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن سے اسٹار پلیئرز کی دستبرداری کا سلسلہ جاری ہے۔ میگا ایونٹ کو تازہ ترین جھٹکا عالمی نمبر دو اینڈے مرے کے فٹنس مسائل کے سبب ایونٹ سے باہر ہونے کے سبب لگا ہے۔ 2012کے چیمپئن اینڈی مرے کولہے کی انجری کے شکار ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اینڈی مرے اب موجودہ سیزن کے دوران شاید ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکیں گے۔ ان سے قبل دفاعی چیمپئن اسٹین واورنکا، نوواک جوکووچ، کائی نیشیکوری اور مائلوس رائونک انجری کی وجہ سے نام واپس لے چکے ہیں۔ رافیل نڈال ٹاپ سیڈ کی حیثیت سے حصہ لیں گے انہیں سوئس ٹینس کنگ راجر فیڈرر کا چیلنج درپیش ہوگا۔ البتہ اینڈی مرے کی دستبرداری نے صورتحال مکمل طور پر تبدیل کردی ہے۔ اب راجر فیڈرر اور ٹاپ سیڈ رافیل نڈال کے درمیان فائنل کا امکان ختم ہوگیا ہے۔ کیونکہ ان کا مقابلہ اب لاسٹ فور میں ہوسکتا ہے۔ نڈال نے 2010 اور 2013 میں چیمپئن رہ چکے ہیں۔

وہ اس بار مرے، نوواک جوکووچ اور واورنکا کی غیر موجودگی میں ٹائٹل کے مضبوط بن گئے ہیں۔ دوسری جانب پانچ بار کے یو ایس اوپن چیمپئن فیڈرر اپنے20 ویں گرینڈسلم اور اس سال کے تیسرے بڑے اعزاز کیلئے کوشاں ہوں گے۔وہ رواں برس آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن جیت چکے ہیں۔ ان کے علاوہ نوجوان پلیئرز زیویریف، نک کریگوس اور ڈومینک تھائم جیسے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس بھی جیتنے کا سنہری موقع ہے۔ دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں بھی صورتحال بہت دلچسپ ہے۔

آٹھ کھلاڑیوں کے پاس نمبر ایک رینکنگ حاصل کرنے کا موقع ہوگا۔ موجودہ عالمی نمبر ایک جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کیلئے اپنی پوزیشن برقرار رکھنا بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ رومانیہ کی سمونا ہالیپ، ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی، ومبلڈن چیمپئن اور عالمی نمبر تین گاربین مگاروزا، الینا سویتلینا، جوہانا کونٹا اور سویتلانا کزنٹسووا ان سے ٹاپ پوزیشن چھین سکتی ہیں۔ میگا ایونٹ روس کی ماریہ شراپووا کیلیے بھی انتہائی اہم ہوگا۔ انہیں وائلڈ کارڈ دیا گیا ہے۔ پوری دنیا کی نظریں ان کی کارکردگی پر ٹکی رہیں گی۔

ویمنز سنگلز میں جرمنی کی اینجلیک کربر اعزاز کا دفاع کریں گی جبکہ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا ٹاپ سیڈ ہوں گی۔

تازہ ترین