لاہور،اسلام آباد، باجوڑ ایجنسی، (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) گزشتہ روز بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کیخلاف طورخم اور چمن بارڈر احتجاج سمیت ملک بھر میں مذہبی و سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی اورتاجر تنظیموں کی طرف سے شدید مظاہرے کیےگئے۔کئی شہروں میں نکالی گئی احتجاجی ریلیوں میں ڈونلڈ امریکا کیخلاف نعرے بازی کی گئی اور پتلے جلائے گئے ۔
مقررین نے پاکستان مخالف حالیہ بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا بیان حقیقت کے بر عکس ہے، امریکا سمیت کسی بھی ملک کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دینگے،پاکستان کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اپنے وطن کےدفاع کیلئے تیارہے، اب پاکستان کو چاہیے کہ امریکا کو تین طلاقیں دے کر چین اور ترکی جیسے دوست تلاش کرے، امریکا سے دوستی فائدہ مند نہیں ۔
طورخم میں جلسے کا انعقاد کیا گیا اور قبائلی مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کر دیا۔ عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی امریکا سے شروع ہوئی، امریکا سے دوستی فائدہ مند نہیں، اس سے مسلسل نقصان ہی ہو رہا ہے۔ بلوچستان کےمظاہرے میں جے یو پی، جے یو آئی،پاک سرزمین پارٹی،این پی سی آئی ایچ،متحدہ وحدت المسلمین،پاسبان ختم نبوت،پیپلزپارٹی ،تحریک انصاف، جماعت اسلامی سمیت ہندوبرادری نے بڑے تعدادمیں شرکت کی۔چمن شہر میں انجمن تاجران کے زیراہتمام امریکا مردہ باد ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئےجماعت اسلامی کے رہنما قاری عطاء اللہ مسلم نے کہا کہ امریکا کو افغانستان میں بدترین شکست کا سامنا ہے انڈیااور امریکا پاکستان وعالم اسلام کا دشمن ہے، امریکا پاکستان کو دھمکیاں دینا بند کرے، حکومت پاکستان نیٹو سپلائی ہمیشہ کیلئے بند کریں۔