سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےخزانہ نے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ای سی پی حکام کو 7ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ایس ای سی پی کو خود مختاری اور غیر جانبداری سے تحقیقات کرنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ملتان میٹرو بس میں کرپشن کیس پر بریفنگ لی جائے گی، چین کے ریگو لیٹر نے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں کرپشن کی نشاندہی کی ہے، اگر چین کے ریگو لیٹر نے ایس ای سی پی کو خط لکھا ہے تو پارلیمنٹ کو بتایا جائے۔
سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی کو کرپشن کیسز سے متعلق حقائق کو دبانا نہیں چاہیے، پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی غیر ملک نے اسے تحقیقات کا کہا ہے،ایس ای سی پی کو چین کے ریگو لیٹر کو جواب دینا پڑے گا، اس سے پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر تاثر خراب ہوا ہے اور ایس ای سی پی کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی شروع سے کہ رہی ہے کہ میگا پروجیکٹس میں کرپشن ہورہی ہے، اب یہ بات ثابت ہورہی ہے۔