اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر لی جیان زاؤ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کرپشن الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ʼجعلی چینی کمپنی کے ذریعے ملتان میٹرو بس پروجیکٹ میں شہباز شریف کے رشوت لینے کے حوالے سے رپورٹس غلط ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں قائم مقام چینی سفیر لی جیان زاؤ کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی ʼیابیٹ پاکستان میں آپریٹ نہیں کر رہی اور اس نے حکومت کو دھوکا دینے لیے جعلی خطوط پیش کیے۔ان کا کہنا تھا کہ چینی حکومت مذکورہ کمپنی کے خلاف ایکشن لے چکی ہے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے منگل (29 اگست کو) نجی چینل اے آر وائی نیوز کے رپورٹر حمزہ حبیب فاروق نے الزام عائد کیا تھا کہ چائینیز ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملتان میٹرو بس پروجیکٹ کے سلسلے میں چینی کمپنی ʼیابیٹ کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک کروڑ روپے رشوت حاصل کی۔حمزہ فاروق نے رپورٹ کیا تھا کہ چینی ریگولیٹر کے مطابق ʼیابیٹ کی آمدنی میں بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں، جس کے پاکستان میں کیپٹل انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ کاروباری روابط ہیں۔رپورٹ کے مطابق مزید تحقیقات پر چینی بورڈ پر یہ ʼانکشاف ہوا کہ مذکورہ پاکستانی کمپنی کا تعلق شہباز شریف سے ہے۔تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے (30 اگست کو) ایک پریس کانفرنس کے دوران ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ʼ1997 سے لے کر آج تک تین ادوار میں اگر میری ذات کے خلاف سرکاری ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو قوم کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔